جدھر کو جھوم کے مست شراب دیکھیں گے
تمام زہد ریائی خراب دیکھیں گے
بغور عالم ہستی پہ جب کریں گے نگاہ
ہر ایک موج کو موج سراب دیکھیں گے
بھرے ہیں جن کی ہر اک رگ میں سرمدی نغمے
وہ خاک محفل چنگ و رباب دیکھیں گے ؟
ادب معاملہ داں ، شوق مصلحت دشمن
خبر نہیں کہ کسے کامیاب دیکھیں گے
جگر کی بادہ کشی ان دنوں ، معاذاللہ
جب آپ دیکھیں گے غرق شراب دیکھیں گے
جگر