وہ کون ہے ۔
سب پوچھتے ہیں
وہ کون ہے ؟
لوبان کی خوشبو سے معطر اس ساعت میں
جس نے اپنی سمندر جیسی آنکھوں سے
ساحل پر موجود راج ہنسوں اور نیلو فر آبی مقدس پر
اپنے سحر کے جال ڈالے ۔
زوال کے وقت ، ہواؤں کی سرسراہٹ کے ساتھ
کس سوسن بدن نے اپنی سوگند سے
کئی بے خیال طائروں کو ڈھیر کیا
کس کی قندیل آنکھیں دھند میں
ہر مسافر کو اپنی جانب کھینچتی ہیں
آخر وہ کون ہے ؟
جس میں سارا عالم ڈوب گیا ہے
ہاں وہ گل بنفشی میرے دل میں
کہیں دور کھلا ہوا ہے ۔
خدیجہ منشاء